کوئٹہ: بلوچستان کے خشک و گرم ریگستانی علاقے نوشکی کے نزدیک ڈاک کے مقام سے دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔
لیویز ذرائع کے مطابق یہ دونوں افراد علاقے میں راستہ بھٹک گئے تھے اور شدید گرمی و دشوار گزار حالات کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق جاں بحق دونوں افراد کا تعلق کوئٹہ کی ہزارہ کمیونٹی سے ہے۔ضلعی انتظامیہ نوشکی نے لاشوں کی شناخت سخی ولد غلام علی اور سلطان ولد غلام علی کے ناموں سے کی ہے جو ہزراہ ٹاؤن، بروری روڈ کوئٹہ کے رہائشی تھے۔ حکام نے بتایا کہ لاشوں کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد قریبی اسپتال منتقل کیا جائے گا اور بعد ازاں ورثاء کے حوالے کیا جائے گا۔
واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں، اور حکام نے اس بات پر زور دیا ہے کہ مقامی باشندے اور مسافر اپنے سفر میں زیادہ احتیاط برتیں تاکہ ایسے حادثات سے بچا جا سکے۔ بلوچستان کے ریگستانی علاقے میں شدید گرمی اور پانی کی قلت کی وجہ سے راستہ بھٹکنے والوں کے لیے یہ حالات انتہائی خطرناک ثابت ہو سکتے ہیں۔