کوئٹہ: بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ کے نواحی علاقے شعبان سے چار افراد کی لاشیں برآمد ہوئی ہیں، جنہیں نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کر دیا۔
انتظامی ذرائع کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور متعلقہ اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں اور چاروں لاشوں کو قانونی کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ جاں بحق ہونے والوں میں حاضر سروس اور ریٹائرڈ سرکاری اہلکار شامل ہیں۔ لاشوں کی شناخت اے ایس ایف کے انسپکٹر زبیر احمد، خلیل الرحمان، ریٹائرڈ حوالدار صادق اور پولیس اہلکار فرید کے ناموں سے ہوئی ہے۔ذرائع کے مطابق اے ایس ایف کے انسپکٹر زبیر احمد اور خلیل الرحمان گزشتہ ماہ اغوا ہوئے تھے۔ زبیر احمد اسلام آباد ایئرپورٹ پر تعینات تھے، جبکہ دونوں افراد کے اغوا کا مقدمہ 24 جون کو نامعلوم افراد کے خلاف جناح ٹاؤن پولیس اسٹیشن میں درج کیا گیا تھا۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق چاروں افراد کو نامعلوم مسلح افراد نے فائرنگ کرکے قتل کیا۔ واقعے کے بعد قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر شواہد اکٹھے کرنا شروع کر دیے ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی تلاش اور واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔تاحال کسی گروپ یا تنظیم نے واقعے کی ذمہ داری قبول نہیں کی، جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔