پیپلز پارٹی کی جانب سے مردان سے صوبہ بچا ئوریلی نکالی گئی‘کرپشن کیخلاف نعرے
کارکنوں کا پتھرائو، مظاہرین نے پی ٹی آئی کا کیمپ جلادیا، ریڈ زون کا دروازہ توڑ دیا
پشاور(آئی این پی)پیپلز پارٹی کے کارکنوں کی جانب سے صوبہ بچائو ریلی کے دوران وزیراعلی ہائوس جانے کی کوشش پر پولیس نے شیلنگ کردی، مظاہرین نے پتھرائو کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے کیمپ کو آگ لگادی اور ریڈ زون کا گیٹ توڑ دیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق پیپلز پارٹی کی جانب سے مردان سے صوبہ بچا ئوریلی نکالی گئی۔ متعدد گاڑیوں پر مشتمل ریلی ریلوے گرانڈ نوشہرہ روڈ سے پشاور روانہ ہوئی جس کی قیادت ڈویژنل صدر عمر فاروق خان ہوتی نے کی۔ ریلی کے شرکا نے مختلف بینرز اور پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پر کرپشن کے خلاف نعرے درج تھے۔پیپلز پارٹی کے کارکنان کے پی اسمبلی کے سامنے جمع ہوگئے اور خیبرپختونخوا حکومت کے خلاف احتجاج شروع کردیا ساتھ پی پی نے صوبے بھر کے کارکنوں کو پشاور پہنچنے کی ہدایت کردی۔پی پی پی ورکرز نے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی جس پر ریڈ زون کے دروازے بند کردئیے گئے جواب میں مظاہرین نے احتجاج کرتے ہوئے اسمبلی چوک کو بلاک کردیا جس پر خیبر روڈ ٹریفک کے لیے دونوں اطراف سے بند ہوگیا۔احتجاج میں پی پی پی صوبائی صدر ہمایون خان، احمد کریم کنڈی، محمد علی شاہ باچا اور دیگر بھی پہنچ گئے۔مظاہرین نے ریڈ زون میں داخلے کی کوشش کی جس پر پولیس نے انہیں روکنے کے لیے شیلنگ شروع کردی۔ مظاہرین نے ریڈ زون کا حصار توڑ کر وزیر اعلی ہاس جانے کی کوشش کی اس دوران مظاہرین نے پولیس پر پتھرائوبھی کیا۔ مظاہرین نے پی ٹی آئی کے ایک کیمپ کو بھی اسمبلی چوک میں آگ لگادی اس دوران پی ٹی آئی کے کارکنان کیمپ چھوڑ کر چلے گئے، بعدازاں پی پی ورکرز نے ریڈ زون کا گیٹ توڑ دیا۔