اسلام آباد (یواین پی) سوشل میڈیا پلیٹ فارمز سے منسلک 1 ارب 80 کروڑ اکاؤنٹس کا ریکارڈ لیک ہونے کا انکشاف سامنے آگیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے سوشل میڈیا صارفین کے لیے ایک الرٹ جاری کیا ہے جس میں مختلف ایپس کے پاسورڈ چوری ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔ اس حوالے سے بتایا گیا ہے کہ گوگل، مائیکرو سافٹ اور فیس بک سمیت سوشل میڈیا ایپس کے پاسورڈز چوری ہو گئے ہیں، سوشل میڈیا ایپس کا ایک ارب 80 کروڑ ریکارڈ لیک ہو چکا ہے، اس لیک ہونے والے ریکارڈ میں 18 کروڑ 14 لاکھ پاسورڈز شامل ہیں، اس صورتحال میں صارفین فوری طور پر حساس ایپس کے پاسورڈز تبدیل کر دیں اور ان کے لیے دُوہری تصدیق کا طریقہ اپنائیں، کسی بھی مشکوک لنک پر کلک نہ کریں اور اپنے اکائونٹس مانیٹر کرتے رہیں۔