سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معیاری مواد کا ہونا بہت اہم: وزیر مملکت شزہ فاطمہ

  اسلام آباد (آئی این پی ) وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پلیٹ فارمز پر معیاری مواد کا ہونا بہت اہم ہے۔ انہوں نے یہ بات ٹک ٹاک وفد سے ملاقات میں کہی ۔ٹک ٹاک وفد کی قیادت ڈائریکٹر پبلک پالیسی مسٹر ایمر گیلن کر رہے تھے۔ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور سوشل میڈیا پر معیاری مواد کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔وفد نے وزیر مملکت آئی ٹی کو ٹک ٹاک کے پاکستان میں اقدام اور مستقبل کے پروگرامز کے بارے میں بریف کیا۔ اس موقع پر شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا کہ چاہتے ہیں پاکستان میں ٹک ٹاک پلیٹ فارم تعلیمی مقاصد کے لیے بھی استعمال ہو، اس کے ذریعے مختلف قسم کی سکلز اور لوکل زبانوں میں  بنیادی تعلیم دی جا سکتی ہے، ان مقاصد کے حصول کے لئے وزارت آئی ٹی ٹک ٹاک کو مکمل سپورٹ فراہم کرے گی۔