اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ڈپلومیٹک انکلیو میں قائم چینی سفارتخانہ کا دورہ کیا، جہاں چینی سفیر جیانگ زیڈونگ نے ان کا استقبال کیا۔
ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے انسداد دہشت گردی، سکیورٹی تعاون، پولیس ایکسچینج پروگرام اور دیگر اہم امور پر تفصیلی بات چیت کی، جبکہ خطے کی مجموعی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے لیے فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان میں چینی سرمایہ کاروں کو درپیش سکیورٹی مسائل کے حل کے لیے بزنس کانفرنس کا انعقاد کیا جائے گا۔ پہلے مرحلے میں موجود چینی بزنس کمیونٹی سے ملاقاتیں کی جائیں گی، اور دوسرے مرحلے میں ممکنہ نئے سرمایہ کاروں سے رابطے کیے جائیں گے۔محسن نقوی نے اعلان کیا کہ اسلام آباد میں سپیشل پروٹیکشن یونٹ قائم کیا جا رہا ہے، جو غیر ملکی شہریوں، خصوصاً چینی باشندوں کی سکیورٹی یقینی بنائے گا۔ اس یونٹ کے اہلکاروں کو تربیت کے دوران چینی زبان بھی سکھائی جائے گی تاکہ باہمی رابطہ مزید مؤثر ہو۔