پی ایس ایل: حیدرآباد کی کٹ نے رنگ چھوڑ دیا، وائٹ بال پنک میں تبدیل

پی ایس ایل: حیدرآباد کی کٹ نے رنگ چھوڑ دیا، وائٹ بال پنک میں تبدیل

پی ایس ایل 11 کے افتتاحی میچ میں لاہور قلندرز اور حیدرآباد کنگز مین کے درمیان دلچسپ اور غیر معمولی واقعہ دیکھنے میں آیا جب گیند کا رنگ اچانک بدل گیا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کھیلے گئے میچ میں حیدرآباد کنگز مین کی ٹیم نے مرون رنگ کی کٹس پہن رکھی تھیں۔ سفید کوکابورا گیند پر اس رنگ کے اثر سے گیند ہلکے گلابی رنگ کی نظر آنے لگی، جس کی وجہ سے بلے بازوں کو گیند دیکھنے میں مشکل پیش آئی۔کنگز مین کے آفیشل سوشل میڈیا اکاؤنٹ نے میچ کے بعد لاہور قلندرز کو فتح کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا: "مخالف کو اپنا پہلا پنک بال میچ جیتنے پر مبارکباد"۔کنگز مین کے کپتان مارنس لبوشین نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ وہ دوسرے ہی اوور میں امپائرز کو اس مسئلے سے آگاہ کر چکے تھے۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ کبھی کبھار گیند پر بیٹ یا پیڈز کا رنگ لگ جاتا ہے، لیکن اس طرح کا منظر انہوں نے کم ہی دیکھا ہے۔

میچ کے فاسٹ بولر حارث رؤف نے کہا کہ ممکن ہے رنگ گراؤنڈ کی نشستوں سے بھی گیند پر لگا ہو، تاہم اس کی تصدیق مشکل ہے۔ لبوشین نے امید ظاہر کی کہ اگلے میچ سے پہلے اس مسئلے کا حل نکال لیا جائے گا تاکہ بلے بازوں کو کسی مشکل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔یہ واقعہ نہ صرف میچ کا دلچسپ پہلو بن گیا بلکہ سوشل میڈیا پر بھی کرکٹرز اور شائقین کے درمیان موضوعِ بحث بن گیا۔