پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے گیارہویں ایڈیشن میں آج بریسٹ کینسر سے آگاہی کے لیے پنک ڈے منایا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ کا چھٹا ڈبل ہیڈر آج نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جا رہا ہے۔ پہلے میچ میں حیدرآباد کنگز مین اور راولپنڈی کی ٹیمیں جبکہ دوسرے میچ میں کراچی کنگز اور اسلام آباد یونائیٹڈ آمنے سامنے ہوں گی۔پنک ڈے کے موقع پر تمام کھلاڑی اور آفیشلز پنک کیپس اور پنک ربنز پہنیں گے، جبکہ اس موقع پر بریسٹ کینسر سے آگاہی مہم بھی بھرپور انداز میں جاری رکھی جائے گی۔ میچز کے دوران استعمال ہونے والے اسٹمپس اور گرافکس بھی خصوصی طور پر پنک کلر میں تیار کیے گئے ہیں۔
آگاہی مہم کے سلسلے میں پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی کپتان فاطمہ ثناء سمیت کھلاڑی سیدہ عروب شاہ، رامین شمیم اور منیبہ علی کو بھی اسٹیڈیم مدعو کیا گیا ہے۔ویمن کرکٹرز میچ سے قبل ٹیموں کے ساتھ وارم اپ سیشنز میں بھی حصہ لیں گی۔واضح رہے کہ پاکستان میں بریسٹ کینسر کے کیسز کی شرح نسبتاً زیادہ ہے، اور اس مہم کا مقصد عوام میں بروقت تشخیص اور بیماری سے آگاہی کو فروغ دینا ہے۔