لاہور(کرائم رپورٹر)حکومتِ پنجاب نے صوبے بھر میں پرائیویٹ ایمبولینسز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت تمام نجی ایمبولینسز کو ریسکیو ایمرجنسی سروس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق حکومتِ پنجاب نے ریسکیو ایمرجنسی سروسز کے سیکرٹری کو ہدایت جاری کی تھی کہ صوبے میں چلنے والی تمام پرائیویٹ ایمبولینسز کی باقاعدہ رجسٹریشن کی جائے۔ اس اقدام کے بعد ہر نجی ایمبولینس کو ریسکیو سسٹم کے ساتھ منسلک ہونا لازمی ہوگارجسٹریشن کے عمل میں ایمبولینس مالکان کو اپنا لائسنس، شناختی کارڈ اور دیگر ضروری دستاویزات جمع کروانا ہوں گی، جو ریسکیو حکام کے پاس محفوظ ریکارڈ کا حصہ بنیں گی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ کراچی میں سامنے آنے والے ایسے واقعات کے بعد کیا گیا ہے جن میں ایمبولینس ڈرائیورز کے مجرمانہ سرگرمیوں میں ملوث ہونے، اشتہاری ہونے اور غیر قانونی کاموں کے لیے ایمبولینسز کے استعمال کے انکشافات ہوئے تھے۔نئے نظام کے تحت رجسٹرڈ ایمبولینسز اور ان کے ڈرائیورز کا مکمل ریکارڈ ریسکیو حکام کے پاس موجود ہوگا، اور اگر کوئی ڈرائیور کسی مجرمانہ ریکارڈ میں ملوث پایا گیا تو اسے قانون کے مطابق گرفتار کیا جا سکے گا۔