والدہ ، 7 سالہ ہانیہ، 3 سالہ اقراء اور 3 ماہ کی نور کا چہرہ ، ہاتھ متاثر ، پولیس نے ملزم حراست میں لے لیا
لاہور(کرائم رپورٹر) شاہدرہ کے علاقے میں ایک انتہائی افسوسناک اور دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا جہاں ایک شخص نے مبینہ طور پر اپنی بیوی اور تین کمسن بچیوں کو آگ لگا دی۔واقعے کا ڈی آئی جی آپریشنز نے فوری نوٹس لے لیا ہے۔پولیس کے مطابق شاہدرہ پولیس نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے ملزم، جس کی شناخت بلال احمد کے نام سے ہوئی ہے، کو گرفتار کر لیا ہے۔ ایس پی سٹی بلال احمد کے مطابق ایس ایچ او شاہدرہ نے پولیس ٹیم کے ہمراہ فوری ایکشن لیتے ہوئے ملزم کو حراست میں لیا۔ریسکیو ذرائع کے مطابق آگ لگنے کے نتیجے میں والدہ سمیت 7 سالہ ہانیہ، 3 سالہ اقراء اور 3 ماہ کی نور کے چہرے اور ہاتھ جھلس گئے۔ تمام زخمیوں کو فوری طور پر طبی امداد کے لیے قریبی ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کا علاج جاری ہے۔ایس پی سٹی کا کہنا ہے کہ واقعے کے تمام پہلوؤں کو مدنظر رکھتے ہوئے تحقیقات اور قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ خواتین اور بچوں پر تشدد کے حوالے سے زیرو ٹالرینس پالیسی اپنائی گئی ہے اور اس کیس میں بھی قانون کے مطابق سخت کارروائی کی جائے گی۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ متاثرہ خاندان کو ہر ممکن تحفظ اور انصاف فراہم کیا جائے گا جبکہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں۔