شوہر نے بیوی کو قتل کر کے لاش کو آگ لگادی

 ندا شاہین کی 3 ماہ قبل غازیوال کے حماد سے شادی ہوئی ، مار پیٹ کرتا تھا 
نارووال (خصوصی رپورٹ)غازیوال میں شوہر نے مبینہ طور پر گلہ دبا کر بیوی کو قتل کرنے کے بعد آگ لگادی ،پولیس نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں شوہر سمیت چار سسرالیوں پر مقدمہ درج کر کے تفتیش شروع کر دی۔بتایا گیا ہے کہ موضع مالوکے کی رہائشی ندا شاہین کی شادی 3 ماہ قبل غازیوال کے رہائشی حماد سہیل سے ہوئی۔ندا شاہین چھ بھائیوں کی اکلوتی بہن تھی۔ایف آئی آر کے مطابق خاوند حماد سہیل اکثر ندا شاہین کو مار پیٹ کر گھر سے نکال دیتا تھا ،گزشتہ روز حماد سہیل نے اپنے اہل خانہ کے ہمراہ مبینہ طور پر اپنی بیوی ندا شاہین سے مار پیٹ کی اور بعد ازاں مبینہ طو رپر گلا دبا کر قتل کر دیا اور لاش کو آگ لگا دی۔ حماد سہیل کسی دوسری لڑکی سے شادی کرنا چاہتا تھا۔پولیس تھانہ صدر نے مقتولہ کے بھائی کی مدعیت میں شوہر حماد سہیل،سسر اورساس سمیت چار افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جبکہ لاش کوپوسٹمارٹم کے لئے ڈی ایچ کیو منتقل کر دیا گیا۔