پاکستان میں دہشت گردی کی مذمت: وزیر داخلہ اور قائم مقام امریکی سفیر کی اہم ملاقات

پاکستان میں دہشت گردی کی مذمت: وزیر داخلہ اور قائم مقام امریکی سفیر کی اہم ملاقات

اسلام آباد میں وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور امریکا کی قائم مقام سفیر نیٹلی بیکر کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں دونوں ممالک کے درمیان دہشت گردی کے خلاف تعاون بڑھانے، دوطرفہ تعلقات اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ملاقات میں نیٹلی بیکر نے پاکستان میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں جاں بحق ہونے والے افراد کے خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور ان کے لیے تعزیت کی۔ خاص طور پر جعفر ایکسپریس اور دیگر دہشت گردانہ حملوں کی مذمت کی گئی۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا کہ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے عالمی برادری کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ حکومت پاکستان دہشت گردوں کے خلاف سخت کارروائیاں کر رہی ہے اور دہشت گردی کے خلاف ایک ہمہ جہتی پالیسی تیار کی جا رہی ہے۔محسن نقوی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے پاکستان کی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کاوشوں کی تعریف کی۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ امریکا میں غیر قانونی طور پر مقیم پاکستانیوں کی ملک واپسی میں بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔ملاقات کے دوران وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے، اور اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردی کے خلاف دوطرفہ اشتراک بڑھانے کے لیے کام کیا جائے گا، اور اس سلسلے میں رواں سال جون میں ایک کاونٹر ٹیررازم ڈائیلاگ کرانے کا منصوبہ بھی طے کیا گیا۔نیٹلی بیکر نے پاکستان میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی بھی تعریف کی اور دونوں ممالک کے درمیان مزید تعاون کو بڑھانے کی اہمیت پر زور دیا۔