پاکستان اور بھارت میں کشیدگی بڑھنے پر وزیر داخلہ سے قائم مقام امریکی سفیر کی ملاقات

پاکستان اور بھارت میں کشیدگی بڑھنے پر وزیر داخلہ سے قائم مقام امریکی سفیر کی ملاقات

پاکستان اور بھارت کے مابین کشیدہ صورتحال کے دوران، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی سے قائم مقام امریکی سفیر نیٹلی بیکر نے ملاقات کی۔

ملاقات میں بھارتی حملے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس ملاقات میں امریکی پولیٹیکل قونصلر زیک ہارکن رائیڈر اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری بھی موجود تھے۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے قائم مقام امریکی سفیر کو بھارتی حملے سے پیدا ہونے والی صورتحال کے بارے میں بریف کیا۔محسن نقوی نے کہا کہ بھارت نے جنوبی ایشیا کے امن کو داؤ پر لگا دیا ہے اور بھارتی جارحیت کے نتیجے میں علاقائی امن تار تار ہوگیا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارت نے شہریوں کو نشانہ بنا کر بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

پاکستانی وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ پاکستان نے دفاع وطن کے لیے دشمن کو بھرپور جواب دیا ہے اور اس نے ابھی تک انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا ہے۔ تاہم، انہوں نے کہا کہ پاکستان اپنی سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ بھارت کے خطرناک عزائم کے حوالے سے پاکستان نے پہلے ہی دوست ممالک کو آگاہ کر دیا تھا۔یہ ملاقات اس بات کا غماز ہے کہ عالمی سطح پر بھی پاکستان کے موقف کو اجاگر کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے تاکہ بھارتی جارحیت کے خلاف عالمی برادری میں آواز اٹھائی جا سکے۔