شمالی غزہ میں فلسطینیوں کا احتجاج، اسرائیل سے جنگ کے خاتمے کا مطالبہ ، فلسطینی فلمساز حمدان بلال کورہا کر دیا
غزہ(آئی این پی )غزہ پراسرائیل کے حالیہ دہشتگردانہ حملوں میںچوبیس گھنٹے میں مزید 37معصوم فلسطینی لقمہ اجل بن گئے،شمالی غزہ میں فلسطینیوںنے احتجاج کرتے ہوئے اسرائیل سے جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کردیا ہے جبکہ اسرائیل نے آسکر انعام یافتہ فلسطینی فلمساز حمدان بلال کو رہا کر دیا۔صیہونی فورسز کے حالیہ دہشتگردانہ حملوں میں 270سے زائد بچے جان کی بازی ہار چکے۔عرب میڈیا کے مطابق مقبوضہ مغربی کنارے میں بھی اسرئیلی مظالم جاری ہیں، اسرائیلی دہشتگرد مقبوضہ مغربی کنارے میں ایمبولینس روک کر ہسپتال عملے پر تشدد کرتے رہے۔دوسری جانب شمالی غزہ میں سیکڑوں فلسطینیوں نے احتجاجی مظاہروں میں اسرائیل سے جنگ کے خاتمے کا مطالبہ کیا ۔غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق شمالی غزہ کے علاقے بیت لاہیا، بیت حانون اور جبالیہ میں سینکڑوں مظاہرین سڑکوں پر نکل آئے اور غزہ پر اسرائیلی حملوں اور ناکہ بندی کے خاتمے کا مطالبہ کیا۔ گذشتہ روز ہونے والے احتجاجی مظاہروں میں مظاہرین نے پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے جن پرہم مرنے سے انکار کرتے ہیں، ہمارے بچوں کا خون سستا نہیں ہے اور جنگ بند کرو کے نعرے درج تھے۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ بہت ہو گئی نقل مکانی، ہم جینا چاہتے ہیں، ہم عزت کے ساتھ جینا چاہتے ہیں۔ ادھر اسرائیلی پولیس نے آسکر ایوارڈ یافتہ فلسطینی فلمساز حمدان بلال کو ایک دن بعد رہا کر دیا، جنہیں پتھرائوکے الزام میں حراست میں لیا گیا تھا۔