قومی سلامتی کے مشیرمائیک والٹز بہترین کام کر رہے ہیں، انہیں معافی مانگنے کی ضرورت نہیں،امریکی صدر
واشنگٹن(آئی این پی )امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے اعلی عہدیداروں کی خفیہ چیٹ میں کوئی معلومات افشا نہیں کی گئیں، حوثیوں پر حملوں سے متعلق چیٹ میں خفیہ معلومات نہیں تھیں،واقعہ معمولی غلطی تھی ۔وائٹ ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ چیٹ کی تحقیقات ایف بی آئی کا مسئلہ نہیں، قومی سلامتی کے مشیر بہترین کام کر رہے ہیں، انہیں معافی مانگنے کی ضرورت نہیں۔صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کے پاس بہترین سگنل ٹیکنالوجی ہے، یوکرین کے معاملے پر پیشرفت ہوئی ہے، مشرق وسطیٰ سے متعلق بھی پیشرفت ہو رہی ہے، روس سے پابندیاں ہٹانے سے متعلق درخواست آئے گی تو غور کریں گے، بلیک سی ڈیل کیلئے شرائط کا جائزہ لے رہے ہیں۔