وزیر اعظم کا آئی ایم ایف سے آخری پروگرام لینے کا دعویٰ غلط ثابت ہوا: مزمل اسلم

 حکومت عوام کے لیے کوئی رعایت لینے میں ناکام رہی ، مشیر خزانہ خیبر پختونخوا کا آئی ایم ایف معاہدے پر ردعمل
 پشاور (آئی این پی) مشیر خزانہ خیبر پختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ وزیر اعظم شہباز شریف کا آئی ایم ایف سے آخری پروگرام لینے کا دعویٰ غلط ثابت ہوا۔مشیر خزانہ مزمل اسلم نے پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان سٹاف سطح کے معاہدے پر ردعمل میں کہا کہ جولائی 2024میں وزیر اعظم شہباز شریف  نے آئی ایم ایف پروگرام نہ لینے کا دعویٰ کیا تھا جو غلط ثابت ہوا۔اور حقیقت میں پاکستان نے متوازی طور پر موسمیاتی پروگرام کا معاہدہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اہم بات یہ ہے کہ پہلا جائزہ مکمل اور سٹاف لیول سطح پر معاہدہ بھی ہو گیا۔ اور بری خبر یہ ہے کہ حکومت عوام کے لیے کوئی رعایت لینے میں ناکام رہی ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ ٹیکس کی شرح میں کمی کی کوئی رعایت نہیں کی گئی۔ اور رئیل اسٹیٹ یا پاور ٹیرف کی صورت میں بھی کسی قسم کی رعایت نہیں دی گئی ،عوام کو موجودہ ابتر معاشی حالت کے ساتھ ہی رہنا پڑے گا۔