آئی ایم ایف پروگرام معاشی استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوا آصف زرداری

 آئی ایم ایف ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے:  صدر کی عالمی ادارے کے وفد سے ملاقات میں گفتگو‘وفد کا پروگرام پر اظہار اطمینان
اسلام آباد(آئی این پی )صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے  آئی ایم ایف پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوا۔صدر مملکت آصف علی زرداری سے جہاد اظہور کی قیادت میں عالمی مالیاتی ادارے کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاکستان کی معاشی صورتحال، جاری آئی ایم ایف پروگرام پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دوران ملاقات وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، سینیٹر سلیم مانڈوی والا اور اعلی حکام بھی شریک ہوئے۔اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف پروگرام پاکستان میں معاشی استحکام لانے میں مددگار ثابت ہوا، پاکستان کیلئے آئی ایم ایف پروگرام سے ملک میں معاشی ترقی کو فروغ حاصل ہوگا، آئی ایم ایف ترقی پذیر ممالک کی اقتصادی ترقی میں کردار ادا کر رہا ہے۔صدر مملکت نے پاکستان کی معاشی ترقی میں آئی ایم ایف کے کردار کو سراہا۔وفد نے پاکستان میں معاشی اصلاحات اور عالمی مالیاتی ادارے کے پروگرام پر اظہارِ اطمینان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کیلئے عالمی مالیاتی ادارے کا پروگرام درست سمت میں گامزن ہے، پروگرام سے پاکستان میں افراطِ زر، زرمبادلہ کے ذخائر اور مالیاتی خسارہ میں استحکام لانے میں مدد ملی۔