بھارت: قرض اور جائیداد کے تنازع پر ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل، مرکزی ملزم گرفتار

بھارت: قرض اور جائیداد کے تنازع پر ایک ہی خاندان کے 4 افراد قتل، مرکزی ملزم گرفتار

بھارتی ریاست تلنگانہ میں پولیس نے ایک ہی خاندان کے چار افراد کے بہیمانہ قتل کا معمہ حل کرتے ہوئے مرکزی ملزم سمیت چار افراد کو گرفتار کر لیا، جبکہ دو دیگر ملزمان کی تلاش جاری ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق واردات کی منصوبہ بندی مالی تنازع، قرض اور جائیداد کے معاملے پر کی گئی تھی۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مرکزی ملزم شدید مالی مشکلات کا شکار تھا اور مقتول خاندان کا مقروض بھی تھا۔تحقیقات کے مطابق ملزم نے اپنی اہلیہ کی خالہ سے مزید قرض دینے اور جائیداد اپنے نام منتقل کرنے کا مطالبہ کیا، تاہم انکار پر اس نے اپنے ساتھیوں کے ساتھ مل کر پورے خاندان کو قتل کرنے کی منصوبہ بندی کی۔پولیس کے مطابق ملزم نے واردات سے قبل انٹرنیٹ پر قتل کرنے کے طریقے، شواہد مٹانے اور پولیس سے بچنے کے طریقۂ کار سے متعلق معلومات بھی حاصل کیں تاکہ جرم کے بعد گرفتاری سے بچ سکے۔19 جون کی صبح ملزم اپنے ساتھیوں کے ہمراہ مقتولہ کے گھر میں داخل ہوا، جہاں پہلے خاتون کو، پھر ان کے شوہر، بیٹے اور بیٹی کو چاقو کے پے در پے وار کر کے قتل کر دیا گیا۔

واردات کے بعد ملزمان گھر سے نقد رقم، طلائی زیورات اور جائیداد سے متعلق اہم دستاویزات لے کر فرار ہوگئے۔ بعد ازاں چرائے گئے سونے کو تقریباً 5 لاکھ 30 ہزار روپے میں گروی رکھ دیا گیا۔پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے 3 لاکھ روپے نقد رقم، طلائی زیورات، آلۂ قتل، خون آلود کپڑے، موبائل فون اور واردات میں استعمال ہونے والی گاڑی برآمد کر لی ہے۔حکام کے مطابق مقدمے میں اب تک چار ملزمان کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جبکہ دو مفرور ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تمام شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں اور گرفتار ملزمان سے مزید تفتیش جاری ہے۔