لاہور: مدرسے میں استاد کا بچے پر تشدد، آنکھ کی 80 فیصد بینائی متاثر

لاہور: مدرسے میں استاد کا بچے پر تشدد، آنکھ کی 80 فیصد بینائی متاثر

لاہور کے علاقے ہربنس پورہ میں مدرسے کے اندر کمسن بچے پر مبینہ تشدد کا افسوسناک واقعہ پیش آیا، جہاں ڈنڈا مارنے سے بچے کی آنکھ شدید زخمی ہوگئی۔

 پولیس نے واقعے میں ملوث ہونے کے الزام میں مدرسے کے قاری عبدالواحد کو گرفتار کرلیا۔پولیس کے مطابق ملزم قاری عبدالواحد نے بچے عفان شاہ کی آنکھ پر ڈنڈا مارا، جس کے نتیجے میں اس کی آنکھ تقریباً 80 فیصد متاثر ہوئی۔ واقعے کے بعد بچے کو طبی امداد کی ضرورت پیش آئی۔متاثرہ بچے کے والد نے بتایا کہ عفان جب مدرسے سے واپس گھر پہنچا تو وہ شدید خوفزدہ تھا اور اس کی آنکھ بری طرح زخمی تھی۔ والد کے مطابق ملزم قاری نے بچے کو دھمکی بھی دی تھی کہ وہ اس واقعے کے بارے میں کسی کو کچھ نہ بتائے۔

پولیس ترجمان کے مطابق متاثرہ بچے کے والد کی درخواست پر ملزم کے خلاف دفعہ 328 اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ہربنس پورہ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چند گھنٹوں کے اندر ملزم قاری عبدالواحد کو گرفتار کرلیا۔اس واقعے پر ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ بچوں پر تشدد کے واقعات کسی صورت برداشت نہیں کیے جائیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ خواتین اور بچوں کے تحفظ کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر عمل درآمد کیا جا رہا ہے۔