سوات: استاد کے تشدد سے 14 سالہ طالبعلم جاں بحق، مقدمہ درج، دو ملزمان گرفتار

سوات: استاد کے تشدد سے 14 سالہ طالبعلم جاں بحق، مقدمہ درج، دو ملزمان گرفتار

ویب ڈیسک: خیبرپختونخوا کے ضلع سوات میں استاد کے مبینہ تشدد سے 14 سالہ طالبعلم فرحان جاں بحق ہو گیا، واقعے کے بعد علاقے میں افسوس کی فضا پھیل گئی ہے۔

واقعہ سوات کی تحصیل خوازہ چالیار میں پیش آیا جہاں مدرسے کے ایک استاد نے فرحان پر بدترین تشدد کیا۔ پولیس کے مطابق تشدد اتنا شدید تھا کہ فرحان جانبر نہ ہو سکا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔فرحان کی لاش کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے اس کی موت کی تصدیق کی۔ اطلاع ملنے پر پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے مدرسے کے دو اساتذہ کو حراست میں لے لیا ہے۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کر کے تفتیش کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ ابتدائی تحقیقات میں طالبعلم پر جسمانی تشدد کی تصدیق ہوئی ہے۔

 پولیس ترجمان نے کہا ہے کہ واقعے میں ملوث افراد کو سخت سزا دلوائی جائے گی اور انصاف کی فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جائے گی۔واقعے پر علاقہ مکینوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے شدید غم و غصے کا اظہار کیا جا رہا ہے اور حکومت سے مطالبہ کیا جا رہا ہے کہ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سخت اقدامات کیے جائیں۔