واشنگٹن: امریکا نے وینزویلا میں حالیہ تباہ کن زلزلوں کے بعد انسانی ہمدردی کی بنیاد پر ملک پر عائد متعدد اقتصادی پابندیوں میں چار ماہ کے لیے نرمی کا اعلان کیا ہے تاکہ امدادی کارروائیوں میں آسانی پیدا کی جا سکے۔
امریکی ٹریژری کی جانب سے جاری کردہ لائسنس کے مطابق 23 اکتوبر تک وینزویلا میں زلزلہ متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیوں سے متعلق تمام مالی اور تجارتی لین دین کی اجازت ہوگی۔ اس اقدام کا مقصد متاثرہ علاقوں تک فوری امداد کی فراہمی کو ممکن بنانا اور عالمی امدادی اداروں کے کام میں سہولت پیدا کرنا ہے۔امریکی حکام کے مطابق یہ فیصلہ غیر معمولی انسانی بحران کے پیش نظر کیا گیا ہے، تاکہ خوراک، ادویات، خیموں اور دیگر ضروری سامان کی ترسیل میں رکاوٹ نہ آئے۔اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (UNOCHA) کے مطابق چلی، کولمبیا، ایل سلواڈور، اٹلی، میکسیکو، سوئٹزرلینڈ اور امریکا کی امدادی ٹیمیں پہلے ہی وینزویلا پہنچ چکی ہیں اور متاثرہ علاقوں میں ریسکیو و ریلیف آپریشنز میں حصہ لے رہی ہیں۔
واضح رہے کہ امریکا نے 2019 کے بعد سے وینزویلا پر سخت اقتصادی پابندیاں عائد کر رکھی تھیں، جن میں مالیاتی لین دین اور تجارتی سرگرمیوں پر نمایاں پابندیاں شامل تھیں۔ادھر وینزویلا میں بدھ کے روز آنے والے دو شدید زلزلوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 7.5 اور 7.2 ریکارڈ کی گئی۔ حکام کے مطابق اب تک کم از کم 920 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، جبکہ زخمیوں اور لاپتہ افراد کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ریسکیو اداروں کا کہنا ہے کہ متاثرہ علاقوں میں تباہی کے باعث امدادی کارروائیاں انتہائی مشکل صورتحال سے دوچار ہیں، جبکہ کئی علاقوں کا زمینی رابطہ بھی منقطع ہو چکا ہے۔