آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال، جماعت اسلامی نے ثالثی کے لیے کمیٹی قائم کر دی

آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال، جماعت اسلامی نے ثالثی کے لیے کمیٹی قائم کر دی

اسلام آباد: آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کے پیش نظر جماعت اسلامی نے ثالثی کی کوششیں تیز کرتے ہوئے آئندہ لائحہ عمل مرتب کرنے کے لیے ایک خصوصی کمیٹی قائم کر دی ہے۔

امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت آزاد کشمیر کی صورتحال پر اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا گیا اور بحران کے حل کے لیے مختلف تجاویز پر غور کیا گیا۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ حافظ نعیم الرحمن صدرِ مملکت، وزیراعظم پاکستان اور دیگر قومی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے تاکہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال پر مشاورت کی جا سکے اور قابلِ عمل حل تلاش کیا جا سکے۔اجلاس کے دوران آئندہ حکمت عملی کی تیاری کے لیے ایک خصوصی کمیٹی بھی قائم کی گئی، جو جوائنٹ ایکشن کمیٹی سے رابطہ کر کے مختلف تجاویز مرتب کرے گی اور انہیں جماعت اسلامی کی قیادت کے سامنے پیش کرے گی۔

اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے حافظ نعیم الرحمن نے کہا کہ آزاد کشمیر کی موجودہ صورتحال کو مزید نظرانداز نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کشمیری عوام کے مسائل کے حل اور حالات کی بہتری کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کی پاکستان سے وابستگی غیر متزلزل ہے۔ اجلاس میں اس بات پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا کہ گزشتہ تین ہفتوں سے جاری لاک ڈاؤن کے باعث آزاد کشمیر کے عوام کو بنیادی ضروریاتِ زندگی اور ادویات کی قلت کا سامنا ہے، لہٰذا حکومت پاکستان فوری طور پر اشیائے ضروریہ اور ادویات کی فراہمی یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کرے۔