واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے امریکا کی 250ویں سالگرہ کی تقریبات کے سلسلے میں ایک خصوصی یادگاری امریکی پاسپورٹ کا نیا ڈیزائن جاری کر دیا، جس میں ان کی تصویر نمایاں طور پر شامل کی گئی ہے۔
صدر ٹرمپ نے اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر نئے پاسپورٹ کی تصویر شیئر کرتے ہوئے لکھا، "امریکا کا نیا پاسپورٹ، جس پر لکھا ہے: خوش آمدید، لیکن اچھا رویہ اختیار کریں!"جاری کی گئی تصویر کے مطابق پاسپورٹ کے ایک صفحے پر صدر ٹرمپ کو وائٹ ہاؤس کے مشہور ریزولوٹ ڈیسک پر بیٹھے دکھایا گیا ہے، جبکہ پس منظر میں امریکا کے تاریخی اعلانِ آزادی کا متن درج ہے۔ اسی صفحے کے نچلے حصے میں صدر ٹرمپ کے دستخط بھی شامل کیے گئے ہیں۔پاسپورٹ کے سامنے والے صفحے پر معروف امریکی مصور جان ٹرمبل کی شہرۂ آفاق پینٹنگ "دی ڈیکلریشن آف انڈیپنڈنس" کی تصویر بھی شامل کی گئی ہے۔رپورٹس کے مطابق پاسپورٹ میں استعمال کی گئی صدر ٹرمپ کی تصویر واشنگٹن میں واقع اسمتھسونین نیشنل پورٹریٹ گیلری میں موجود ان کے سرکاری پورٹریٹ سے مشابہت رکھتی ہے۔
یہ ڈیزائن رواں سال کے آغاز میں امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری کیے گئے ابتدائی ڈیزائن سے مختلف ہے، جس میں صدر ٹرمپ کی دوسری تصویر استعمال کی گئی تھی۔بعد ازاں وائٹ ہاؤس کے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) اکاؤنٹ سے بھی اسی ڈیزائن کی تصویر شیئر کی گئی، جس کے ساتھ لکھا گیا: "امریکا کی 250ویں سالگرہ کی یاد میں نیا امریکی پاسپورٹ۔"تاہم یہ واضح نہیں کیا گیا کہ آیا یہی یادگاری پاسپورٹ کا حتمی اور سرکاری ڈیزائن ہے یا نہیں۔ اس حوالے سے وائٹ ہاؤس نے تمام سوالات امریکی محکمہ خارجہ کی جانب بھیج دیے ہیں، جبکہ امریکی نشریاتی ادارے سی این این کی جانب سے بھی مؤقف طلب کیا گیا ہے، تاہم خبر لکھے جانے تک کوئی باضابطہ جواب سامنے نہیں آیا۔