لیسکو چونیاں ڈویڑن : 40 لاکھ کی بجلی چوری پکڑی گئی

 زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا: انجینئر رمضان بٹ 
لاہور (کرائم رپورٹر) چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ کی ہدایات پر بجلی چوری کے خلاف جاری مہم کے دوران چونیاں ڈویڑن میں گائوں بھاگو کے آرائیں میں کارروائی کرتے ہوئے تقریباً 40 لاکھ روپے مالیت کی بجلی چوری پکڑ لی گئی۔ ترجمان لیسکو کے مطابق ایس ای قصور سرکل انجینئر محمد انور وٹو کی خصوصی ہدایات اور ایکسین چونیاں انجینئر میاں طارق بشیر کی نگرانی میں کنگن پور ویسٹ سب ڈویڑن میں دورانِ چیکنگ ایس ڈی او مدثر سحر اور ان کی ٹیم نے ٹیوب ویل کنکشن کے صارف کو بوگس میٹر کے ذریعے بجلی چوری کرتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑ لیا۔ تحقیقات کے دوران بجلی چوری ثابت ہونے پر صارف کو ایک لاکھ 15ہزار 512 یونٹس بطور ڈیٹیکشن چارج کرتے ہوئے تقریباً 40 لاکھ روپے کا ڈیٹیکشن بل عائد کر دیا گیا۔ مزید تفتیش سے معلوم ہوا کہ مذکورہ صارف گزشتہ دو سال سے بجلی چوری میں ملوث تھا اور متعدد کارروائیوں کے باوجود قانون کی گرفت سے بچتا رہا۔ چیف ایگزیکٹو آفیسر لیسکو انجینئر محمد رمضان بٹ نے کہا کہ بجلی چوری کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد جاری رہے گا اور قومی وسائل کو نقصان پہنچانے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے گی۔