ڈپٹی کمشنر لاہور کا ڈی آئی جی آپریشنز اور ایس ایس پی آپریشنز کے ہمراہ کنٹرول روم کا دورہ
شہریوں کا تحفظ اولین ترجیح ہے ،تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں: ڈی سی
لاہور (کرائم رپورٹر) وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے پرامن پنجاب اور محرم الحرام کے دوران عزاداروں کے تحفظ کے وڑن کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ضلعی انتظامیہ لاہور نے سیکیورٹی اور انتظامی تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔ اسی سلسلے میں ڈپٹی کمشنر لاہور کیپٹن (ر) محمد علی اعجاز نے ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران اور ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم کے ہمراہ ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم مرکزی ڈسٹرکٹ کنٹرول روم کا تفصیلی دورہ کیا جہاں انہوں نے محرم الحرام کے حوالے سے کیے گئے ہمہ گیر انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر انتظامیہ نے ضلعی سطح پر قائم کنٹرول روم کو مکمل طور پر فعال کر دیا ہے تاکہ شہر بھر میں ہونے والے جلوسوں اور مجالس کی مانیٹرنگ کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے یقینی بنایا جا سکے۔ ڈی سی لاہور نے واضح کیا کہ شہریوں کا تحفظ اور مذہبی ہم آہنگی برقرار رکھنا حکومت کی اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام متعلقہ ادارے ہائی الرٹ ہیں۔ دورے کے دوران ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ہیڈکوارٹرز ذوالقرنین خان اور اسسٹنٹ کمشنر ایچ آر وقاص انجم نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ کنٹرول روم میں 14 مختلف محکموں کے نمائندگان 24 گھنٹے ڈیوٹی پر مامور ہیں جبکہ سیف سٹی اور ہوم ڈیپارٹمنٹ کے کنٹرول رومز کے ساتھ بھی مسلسل رابطہ رکھا جا رہا ہے۔ ٹیکنیکل مانیٹرنگ کے لیے شہر بھر میں 1500 سے زائد اضافی سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے گئے ہیں جو جلوسوں کے روایتی راستوں کے بلائنڈ سپاٹس کو مکمل کور کریں گے۔ طبی سہولیات کے حوالے سے 19 ٹیچنگ ہسپتال اور 2 ڈی ایچ کیو ہسپتال ہائی الرٹ پر ہیں جہاں ہر ہسپتال میں 10 اضافی بیڈز مخصوص کیے گئے ہیں جبکہ اندرون لاہور اور سنٹرل ماڈل سکول میں عارضی ہسپتال بھی قائم کر دیے گئے ہیں۔ فیلڈ میں 77 کلینک آن ویلز اور ایمبولینسز عزاداروں کی مدد کے لیے ہمہ وقت روٹس پر الرٹ رہیں گی