لاہور میں30روز کیلئے مذہبی اور سیاسی نقش و نگار والی پتنگوں کی تیاری، نقل و حمل، ذخیرہ، فروخت اور استعمال پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد رہے گی:ضلعی انتظامیہ

پتنگوں پر تصاویر ‘جھنڈے چھاپنے پر پابندی
مذہبی ہم آہنگی اور امن کیلئے پتنگوں پر مقدس کتب، مذہبی مقامات کی تصاویر لگانے پر  بھی مکمل پابندی ہو گی، بسنت کے دوران بغیر تصویر یک رنگی یا کثیر رنگی گڈا اور پتنگ استعمال کرنے کی اجازت ہو گی
بسنت کے دوران بعض اشتعال انگیز عناصر کی جانب سے مذہبی یا سیاسی علامات استعمال کرنے کا اندیشہ تھا، جس کے باعث یہ پابندیاں عائد کی گئیں‘خلاف ورزی پر کارروائی کی جائے گی:انتظامیہ
 لاہور(آئی این پی) بسنت کے دوران مذہبی ہم آہنگی اور امنِ عامہ برقرار رکھنے کے لیے اہم پابندیاں عائد کردی گئیں۔تفصیلات کے مطابق بسنت کے دوران اشتعال انگیزی، مذہبی منافرت اور امنِ عامہ کو لاحق خدشات کے پیشِ نظر دفعہ 144 نافذ کر دی گئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کے مطابق بسنت کے موقع پر مذہبی ہم آہنگی اور امن و امان برقرار رکھنے کے لیے اہم پابندیاں عائد کی گئی ہیں۔نوٹیفکیشن میں کہا گیا پتنگوں پر مقدس کتب، مذہبی مقامات، کسی مذہبی یا سیاسی شخصیت کی تصاویر لگانے پر مکمل پابندی ہو گی۔اس کے علاوہ کسی ملک یا سیاسی جماعت کے جھنڈے والی پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال بھی ممنوع قرار دیا گیا ہے۔انتظامیہ کا کہنا ہے کہ 30 روز کے لیے مذہبی اور سیاسی نقش و نگار والی پتنگوں کی تیاری، نقل و حمل، ذخیرہ، فروخت اور استعمال پر دفعہ 144 کے تحت پابندی عائد رہے گی، جبکہ لاہور میں بسنت کے دوران بغیر تصویر یک رنگی یا کثیر رنگی گڈا اور پتنگ استعمال کرنے کی اجازت ہو گی۔ڈپٹی کمشنر لاہور نے کہا کہ خلافِ قانون پتنگوں کی تیاری، ترسیل، ذخیرہ، فروخت یا استعمال قابلِ تعزیر جرم ہو گا اور دفعہ 144 کے احکامات فوری طور پر نافذ العمل ہوں گے تاہم قانون نافذ کرنے والے اداروں کو خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت جاری کر دی گئی ہے۔انتظامیہ کے مطابق بسنت کے دوران بعض اشتعال انگیز عناصر کی جانب سے مذہبی یا سیاسی علامات استعمال کرنے کا اندیشہ تھا، جس کے باعث یہ پابندیاں عائد کی گئیں