مجموعی تعمیراتی پیش رفت مقررہ اہداف سے اب بھی پیچھے دکھائی دے رہی
لاہور (خصوصی رپورٹ)لاہور کے اہم تجارتی مرکز میں پارکنگ سہولیات بہتر بنانے کے لیے شروع کیا جانے والا نیلا گنبد زیر زمین پارکنگ پلازہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہونے لگا۔ لہر اتھارٹی کے پہلے بڑے منصوبے کے طور پر شروع کیا گیا یہ پراجیکٹ اب مقررہ شیڈول سے پیچھے جاتا دکھائی دے رہا ہے۔ذرائع کے مطابق پنجاب حکومت نے نیلا گنبد زیر زمین پارکنگ پلازہ کی تکمیل کے لیے مزید وقت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ابتدائی طور پر منصوبے کی ڈیڈ لائن دس جون دو ہزار چھبیس مقرر کی گئی تھی تاہم تعمیراتی سرگرمیاں مقررہ رفتار کے مطابق آگے نہ بڑھ سکیں جس کے باعث نئی مدت طے کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق منصوبے کے لیے اب دو الگ اہداف مقرر کیے گئے ہیں۔ پارکنگ پلازہ کے گرے سٹرکچر کی تکمیل کے لیے تیس جون دو ہزار چھبیس کی ڈیڈ لائن دی گئی ہے جبکہ متعلقہ حکام نے ٹریفک انجینئرنگ اینڈ ٹرانسپورٹ پلاننگ ایجنسی، ٹیپا، کو مقررہ وقت میں گرے سٹرکچر مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔دوسری جانب منصوبے کی مکمل تعمیر کے لیے نئی حتمی مدت اکتوبر دو ہزار چھبیس مقرر کی گئی ہے۔ دستاویزات کے مطابق منصوبے کی تعمیر کا باضابطہ آغاز اگست دو ہزار پچیس میں کیا گیا تھا۔ تاہم مجموعی تعمیراتی پیش رفت مقررہ اہداف سے اب بھی پیچھے دکھائی دے رہی ہے۔