نیلا گنبد پارکنگ پلازہ منصوبہ ایک بار پھر تاخیر کاشکار

سائیکل مارکیٹ کی 65 دکانوں کی اراضی ٹیپا کو فراہم نہیں کی جا سکی
لاہور (خصوصی رپورٹ)نیلا گنبد پارکنگ پلازہ منصوبہ ایک بار پھر تاخیر کا شکار ہو گیا۔ تفصیلات کے مطابق نیلا گنبد پارکنگ پلازہ منصوبہ، جسے شہر کے مصروف ترین علاقوں میں ٹریفک مسائل کے حل کے لیے تیار کیا جا رہا تھا، ایک اور بڑی رکاوٹ سے دوچار ہو گیا ہے،سائیکل مارکیٹ کی 65 دکانوں کی اراضی تاحال ٹیپا کو فراہم نہیں کی جا سکی،ذرائع کے مطابق محکمہ اوقاف کی جانب سے یہ زمین ابھی تک ٹیپا کے حوالے نہیں کی گئی ،جبکہ دکان مالکان کو پنجاب حکومت کی جانب سے معاوضے کی ادائیگی بھی نہیں ہو سکی، حکومت نے منصوبے کے آغاز سے قبل لینڈ ایکوزیشن ایکٹ کے سیکشن فور کے تحت زمین حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا،تاہم سیکشن فور کے نفاذ میں تاخیر سے پورا منصوبہ تعطل کا شکار ہو گیا ہے،ذرائع کے مطابق نیلا گنبد پارکنگ پلازہ کے لیے مجموعی طور پر چار سو ستاون پائلیں تعمیر کی جانی ہیں،اب تک صرف ایک سو تینتالیس پائلوں کی تعمیر مکمل ہو سکی ہے،منصوبے کے باقی حصے کے لیے مزید اراضی درکار ہے،لیکن زمین کی فراہمی اور دکانوں کے معاوضے کا تنازع تاحال برقرار ہے۔