پاکستان ہمیشہ سے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے محسن نقوی

امید ہے حالیہ امن معاہدے کے خطے پر مثبت اور دور رس اثرات مرتب ہوں گے:  ایرانی ہم منصب سے ملاقات میں گفتگو
اسلام آباد(آئی این پی)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور ایرانی وزیر داخلہ اسکندر مومنی کے درمیان اہم ملاقات ہوئی جس میں پاک ایران تعلقات، خطے کی سکیورٹی صورتحال اور حالیہ امن پیشرفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملاقات میں دونوں رہنمائو ں نے خطے میں کشیدگی میں کمی پر اطمینان کا اظہار کیا اور دوطرفہ تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا۔اس موقع پر محسن نقوی نے سوئٹزرلینڈ کے شہر برگن اسٹاک میں ہونے والے مشترکہ اعلامیے پر ایرانی ہم منصب کو مبارکباد دی اور کہا کہ یہ پیش رفت ایران کی حکومت اور قیادت کی سنجیدہ اور مخلصانہ کوششوں کے بغیر ممکن نہ تھی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ہمیشہ سے خطے اور دنیا میں امن و استحکام کا خواہاں رہا ہے اور مشرق وسطی میں دیرپا امن کیلئے اپنی کوششیں جاری رکھے گا،امید ہے حالیہ امن معاہدے کے خطے پر مثبت اور دور رس اثرات مرتب ہوں گے۔ایرانی وزیر داخلہ نے پاکستان میں اپنے دورے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جلد وہ پاکستان کا تفصیلی دورہ کریں گے جس کا مقصد دونوں ممالک کی وزارت داخلہ کے درمیان تعاون کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔