78 سالہ تاریخ میں ملک کو بین الاقوامی سطح پر آج جیسی مثبت توجہ اور پذیرائی حاصل نہیں ہوئی، کریڈٹ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مشترکہ حکمتِ عملی کو جاتا ہے
سفارتی کوششوں نے پاکستان کو قابلِ فخر مقام پر لا کھڑا کیا ‘ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب دراصل جاری اور آئندہ ہونے والے سفارتی مذاکرات کا تسلسل ہے
اسلام آباد (آن لائن) وزیر دفاع خواجہ آصف نے کہا ہے پاکستان کی 78 سالہ تاریخ میں ملک کو بین الاقوامی سطح پر آج جیسی مثبت توجہ اور پذیرائی پہلے کبھی حاصل نہیں ہوئی، جس کا کریڈٹ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی مشترکہ حکمتِ عملی کو جاتا ہے۔پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا حالیہ دورہ سعودی عرب دراصل جاری اور آئندہ ہونے والے سفارتی مذاکرات کا تسلسل ہے، جس کے ذریعے پاکستان نے عالمی سطح پر اپنا مؤثر اور باوقار کردار منوایا ہے۔ انہوں نے کہا موجودہ سفارتی کوششوں نے پاکستان کو ایک قابلِ فخر مقام پر لا کھڑا کیا ہے۔وزیر دفاع نے کہا کہ اس وقت دنیا کی نظریں پاکستان پر مرکوز ہیں اور امید ہے کہ ایران، لبنان اور فلسطین سمیت خطے میں جاری تنازعات کے حل کے لیے ہونے والے مذاکرات نتیجہ خیز ثابت ہوں گے۔ انہوں نے دعا کی کہ خطے میں پائیدار امن، مسلم ممالک کے درمیان ہم آہنگی اور باہمی تعاون کو فروغ ملے۔انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم کا دورہ سعودی عرب نہ صرف موجودہ سفارتی روابط کا تسلسل ہے بلکہ برادر ممالک کے درمیان تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی کوششوں کا حصہ بھی ہے۔خواجہ آصف نے کہا کہ موجودہ حالات میں پاکستان کو جو عالمی وقار حاصل ہوا ہے وہ قابلِ ذکر ہے، اور دعا ہے کہ ملک ہر قسم کے منفی اثرات سے محفوظ رہے اور معاشی چیلنجز بھی جلد حل ہوں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں بھارت ماتم ہی کرے گا شادیانے تو نہیں بجا سکتا ۔ مودی کو یہی کہوں گا کہ ہن ٹھنڈ کر بین نہ کر ۔