لاہور، ڈیڑھ کروڑ پودے لگانے کی تیاری

 اربن فاریسٹ، گرین بیلٹس، پارکس اور شاہراہوں پر درخت لگائے جائینگے ،1 کروڑ پودے پی ایچ اے نرسریوں میں پیدا ہونگے
لاہور (کرائم رپورٹر) لاہور کی فضا کو صاف، سبز اور صحت مند بنانے کیلئے پنجاب حکومت نے شجرکاری کے بڑے منصوبے کا آغاز کر دیا ۔ ڈیڑھ کروڑ درخت لگانے کا یہ منصوبہ لاہور کے ٹری کور میں اضافے کیلئے کیا جائے گا۔ درختوں کی نگرانی اور درست گنتی کو یقینی بنانے کیلئے جیو ٹیگنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ تفصیل کے مطابق پنجاب حکومت نے لاہور کیلئے گرین ماسٹر پلان متعارف کرا دیا ہے، جس کے تحت شہر بھر میں ڈیڑھ کروڑ درخت اور پودے لگائے جائیں گے۔ ڈی جی پی ایچ اے منصور احمد راجہ کی ہدایت پر لنگز آف لاہور پراجیکٹ کو وسعت دی جا چکی ہے اور اسے گرین ماسٹر پلان کا باقاعدہ حصہ بنا دیا گیا ہے۔حکام کے مطابق ایک کروڑ پودے پی ایچ اے کی نرسریوں میں پیدا کئے جائیں گے جبکہ پچاس لاکھ پودے پی ایچ اے کے ہارٹی کلچر ڈائریکٹرز اگائیں گے۔ منصوبے کے تحت اربن فاریسٹ، گرین بیلٹس، پارکس اور شاہراہوں پر درخت لگائے جائیں گے۔درختوں کی نگرانی اور درست گنتی کو یقینی بنانے کے لئے جیو ٹیگنگ کا فیصلہ بھی کیا گیا ہے۔ اس مقصد کیلئے پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے اشتراک سے موبائل ایپ تیار کر لی گئی ہے جس کے ذریعے ہر درخت کا ڈیٹا ریکارڈ کیا جائے گا۔پنجاب حکومت کے اس منصوبے کا مقصد لاہور کے شہریوں کو بہتر ماحولیاتی فضا مہیا کرنا ہے۔ گرین ماسٹر پلان پر عملدر آمد تو شروع ہو چکا ہے، مگر اس کے دیرپا اثرات شہریوں کے تعاون اور بھرپور نگرانی کے بغیر ممکن نہیں۔