قانون شکن عناصر کے خلاف شکنجہ،92 اشتہاری گرفتار

 سمارٹ آئی سافٹ ویئر کے ذریعے1889سے زائد فارنرز کاریکارڈ چیک 
 لاہور(کرائم رپورٹر)محرم الحرام کی آمد کے پیش ِ نظرلاہور پولیس کاجدید ٹیکنالوجی کی مدد سے قانون شکن عناصر کے خلاف کریک ڈاؤن جاری ہے۔اس ضمن میں ماہ ِ جون میں ٹریول آئی سافٹ ویئر کے ذریعے8لاکھ80ہزار800سے زائد افرادکی چیکنگ عمل میں لائی گئی ہییہ بات ترجمان لاہور پولیس نے گزشتہ روز یہاں جاری اپنے بیان میں کہی۔ ترجمان نے بتایا کہ اس دوران ہوٹل آئی سافٹ ویئر کے ذریعے22ہزارسے زائدافرادکو چیک کیا گیا ہے۔ سمارٹ آئی سافٹ ویئر کے ذریعے1889سے زائد فارنرز کاریکارڈ چیک کیا گیاہے۔ سمارٹ آئی کے ذریعے رواں ماہ92 اشتہاری اور41عدالتی مفرور وں کو گرفتار کیا گیا ہے۔جبکہ دوران چیکنگ239افراد کے خلاف مختلف مقدمات میں کریمینل ریکارڈٹریس ہوئے ہیں۔سی سی پی او بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ قانون شکن عناصر کی سرکوبی کے لئے کارروائیاں جاری ہیں۔ سی سی پی او لاہورنے پولیس افسران کو مساجد، امام بارگاہوں اور محرم کے جلوسوں کے روٹس سے ملحقہ علاقوں میں روزانہ کی بنیاد پر سرچ آپریشنزکرنے کی ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ سپروائزری افسران متعلقہ علاقوں میں امام بارگاہوں اور مساجد سمیت تمام اہم تنصیبات پر سکیورٹی انتظامات کا باقاعدگی سے جائزہ لیں۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے جرائم پیشہ افراد کو قانون کے شکنجے میں لایا جارہاہے۔بلال صدیق کمیانہ نے کہا کہ انتظامیہ کو مسافروں کا ڈیٹا ’’ہوٹل آئی‘‘، ’’ٹریول آئی‘‘ ایپ میں درج کرنے کا پابند بنائیں۔سی سی پی او لاہور نے کہا کہ پولیس سافٹ ویئرز میں ڈیٹاکا اندرج نہ کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد پر نظر رکھنے کیلئے پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی کے نیٹ ورک سے بھرپوراستفادہ کیا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے محفوظ اور پر امن معاشرے کے قیام کیلئے کوشاں ہیں۔