آپریشن بُنیان مرصوص،بھارتی اشتعال انگیزی کادندان شکن جواب:چیئرمین سینیٹ

عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیزی اور جارحیت کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کیلئے اپنا کردار ادا کرے
اسلام آباد (آن لائن) چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی نے بھارتی جارحیت کے خلاف مسلح افواج کی کامیاب اور جرات مندانہ آپریشن بُنیان مرصوص پر زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے بھارتی جارحیت کے خلاف پاکستان کی مسلح افواج کی بروقت اور جرات مندانہ کارروائی آپریشن بُنیان مرصوص کو قومی تاریخ کا ایک سنہری باب قرار دیا ہے۔ ایک بیان میں چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ مسلح افواج کے حوصلے، جذبے اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کو زبردست الفاظ میں خراجِ تحسین پیش کرتا ہوں‘پاکستان ایک پرامن ملک ہے، جو ہمیشہ خطے میں امن، استحکام اور بھائی چارے کا خواہاں رہا ہے‘اگر کسی نے پاکستان کی سالمیت، خودمختاری اور قومی وقار کو چیلنج کیا تو پوری قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو گی۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ آپریشن بُنیان مرصوص بھارتی اشتعال انگیزی کا ایسا دندان شکن جواب ہے جس کی گونج عالمی ایوانوں تک سنی گئی ‘بھارت آئندہ پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے کی جرات نہیں کرے گا۔انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی اور قومی خودمختاری کے تحفظ کے لیے پوری قوم، سیاسی و عسکری قیادت اور تمام ادارے ایک پیج پر ہیں‘ ہر محاذ پر دشمن کے خلاف یک زبان اور یک جان ہو کر مقابلہ کریں گے۔عالمی برادری بھارت کی اشتعال انگیزی اور جارحیت کا نوٹس لے اور جنوبی ایشیا میں امن و استحکام کے قیام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔