محرم الحرام میں مجالس و جلوسوں کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی ہوگی، مریم نواز شریف

محرم الحرام میں مجالس و جلوسوں کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی ہوگی، مریم نواز شریف

ویب ڈیسک: وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے محرم الحرام کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کے لیے سخت اقدامات کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ مجالس اور جلوسوں کی ڈرون کوریج پر مکمل پابندی عائد کر دی گئی ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔

وزیر اعلیٰ نے سوشل میڈیا پر فرقہ واریت اور نفرت انگیزی پھیلانے والوں کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ایسے عناصر سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت نے محرم کے دوران امن و امان قائم رکھنے کے لیے غیر معمولی اقدامات کیے ہیں اور تمام ادارے الرٹ ہیں۔مریم نواز نے دشمن عناصر کی سازشوں سے باخبر ہونے کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں ہر ممکن سکیورٹی یقینی بنائی جا رہی ہے۔محرم الحرام اور نئے اسلامی سال 1447ھ کے آغاز پر وزیر اعلیٰ نے امت مسلمہ کو مبارکباد دی اور دعا کی کہ نیا ہجری سال پاکستان، عالم اسلام اور پوری دنیا کے لیے امن، ترقی اور خوشحالی کا پیغام لے کر آئے۔اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ محرم الحرام نواسہ رسولؐ حضرت امام حسینؓ کی عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے، جو ظلم کے خلاف ڈٹ جانے اور حق کے لیے قربانی دینے کا سبق دیتا ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ محرم کے مقدس مہینے میں صبر، تحمل، رواداری اور بھائی چارے کو فروغ دیا جائے اور ہر قسم کے تفرقہ سے اجتناب برتا جائے۔