پولیس یونیفارم میں ٹک ٹاک بنانے والا ملزم گرفتار، اسلحہ کی نمائش کرنے والا شخص بھی دھر لیا گیا

 پولیس یونیفارم میں ٹک ٹاک بنانے والا ملزم گرفتار، اسلحہ کی نمائش کرنے والا شخص بھی دھر لیا گیا

سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش اور پولیس یونیفارم میں ویڈیوز و تصاویر بنانے کے واقعات پر لاہور پولیس نے فوری ایکشن لیتے ہوئے دو ملزمان کو گرفتار کر لیا ہے۔

ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کی ہدایت پر باٹا پور پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے پولیس یونیفارم پہن کر ٹک ٹاک ویڈیوز بنانے والے ملزم عدنان علی کو گرفتار کر لیا۔ ملزم نے سوشل میڈیا پر پولیس کی وردی میں ویڈیوز اور تصاویر پوسٹ کی تھیں، جس پر پولیس نے فوری نوٹس لیا۔دوسری کارروائی کے دوران سوشل میڈیا پر اسلحہ کی نمائش کرنے والے ملزم عبدالرحمان کو بھی گرفتار کیا گیا۔ دونوں ملزمان کی ویڈیوز منظر عام پر آنے کے بعد پولیس نے ایکشن لیتے ہوئے فوری کارروائی عمل میں لائی۔

ایس پی کینٹ قاضی علی رضا کا کہنا تھا کہ سوشل میڈیا پر قانون شکنی یا پولیس کا روپ دھارنے کی کسی کو اجازت نہیں دی جا سکتی۔ قانون کی دھجیاں اڑانے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔پولیس کے مطابق دونوں گرفتار ملزمان کے خلاف مقدمات درج کر لیے گئے ہیں اور انہیں مزید تفتیش کے لیے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا گیا ہے۔ پولیس نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ ایسے غیر قانونی اقدامات سے گریز کریں، بصورت دیگر سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔