تہران: ایران کے دارالحکومت تہران کے شمالی علاقے میں واقع معروف ہوٹل استغلال کے قریب ایک عمارت میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق آگ لگنے کے بعد سیاہ دھوئیں کے گھنے بادل ہوٹل کے اطراف پھیل گئے، جبکہ قریبی عمارتوں کی چھتوں سے بھی آگ کے شعلے بلند ہوتے دیکھے گئے۔سرکاری ٹیلی ویژن کے نمائندے کے مطابق احتیاطی تدابیر کے طور پر ہوٹل میں موجود تمام مہمانوں کو فوری طور پر بحفاظت باہر منتقل کر دیا گیا تاکہ کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے بچا جا سکے۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی فائر بریگیڈ کی متعدد گاڑیاں موقع پر پہنچ گئیں اور آگ پر قابو پانے کی کارروائیاں شروع کر دیں۔ سرکاری ٹیلی ویژن پر نشر ہونے والی فوٹیج میں امدادی اہلکاروں اور فائر ٹرکوں کو جائے وقوع پر کام کرتے ہوئے دکھایا گیا۔ابتدائی اطلاعات کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، تاہم یہ فوری طور پر واضح نہیں ہو سکا کہ آگ کس عمارت میں لگی اور اس کی وجہ کیا تھی۔حکام کا کہنا ہے کہ آگ لگنے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ ریسکیو ٹیمیں مکمل طور پر صورتحال پر قابو پانے کے لیے مصروف عمل ہیں۔