انڈونیشیا: سولاویسی کے قریب مسافر بردار کشتی میں آتشزدگی، 5 افراد جاں بحق، 500 سے زائد محفوظ

انڈونیشیا: سولاویسی کے قریب مسافر بردار کشتی میں آتشزدگی، 5 افراد جاں بحق، 500 سے زائد محفوظ

ویب ڈیسک: انڈونیشیا کے ساحلی علاقے سولاویسی کے قریب ایک مسافر بردار کشتی KM Barcelona 5 میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس کے نتیجے میں کم از کم 5 افراد ہلاک جبکہ 500 سے زائد مسافروں کو بحفاظت نکال لیا گیا۔

انڈونیشیا کی بحری سیکیورٹی ایجنسی (باکاملا) کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ یہ حادثہ اُس وقت پیش آیا جب فیری شمالی سولاویسی کے دارالحکومت ماناڈو کی طرف رواں دواں تھی۔
آگ فیری کے پچھلے حصے (stern) میں لگی، جس نے جلد ہی کشتی کے ایک بڑے حصے کو لپیٹ میں لے لیا۔ واقعے کے بعد کشتی میں شدید افراتفری مچ گئی اور درجنوں مسافروں نے لائف جیکٹ پہن کر سمندر میں چھلانگ لگا دی تاکہ جان بچائی جا سکے۔ریسکیو آپریشن میں قریبی ماہی گیروں نے بھی فوری کردار ادا کیا۔ انہوں نے کئی متاثرہ افراد کو قریبی جزیروں تک پہنچایا۔ شدید زخمیوں کو قریبی طبی مراکز منتقل کیا گیا ہے۔باکاملا کے مطابق، "پانچ ہلاکتوں کی تصدیق ہو چکی ہے، جن میں سے دو افراد کی شناخت تاحال ممکن نہیں ہو سکی۔"

حادثہ لیکوپنگ کے تفریحی ساحل سے تقریباً ایک گھنٹے کی مسافت پر پیش آیا، جو سیاحوں میں خاصا مقبول مقام سمجھا جاتا ہے۔یاد رہے کہ یہ حادثہ انڈونیشیا میں فیری سروسز کی ناقص سیکیورٹی پر ایک بار پھر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔ چند ہفتے قبل ہی بالی کے قریب ایک اور فیری ڈوبنے سے 19 افراد ہلاک ہو گئے تھے، جس کے بعد یہ دوسرا بڑا حادثہ ہے۔انڈونیشی حکام نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق فیری میں آگ لگنے کی ممکنہ وجہ شارٹ سرکٹ ہو سکتی ہے۔