فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں ارجنٹینا کی اسپین کے ہاتھوں شکست کے بعد لیونل میسی کے بین الاقوامی مستقبل پر ایک بار پھر بحث چھڑ گئی ہے۔
39 سالہ میسی نے پورے ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 8 گول اور 4 اسسٹ کے ساتھ ایونٹ کے دوسرے کامیاب ترین اسکورر کا اعزاز حاصل کیا، تاہم فائنل میں شکست کے بعد ان کی ممکنہ ریٹائرمنٹ کی قیاس آرائیاں زور پکڑ رہی ہیں۔ارجنٹائن میڈیا رپورٹس کے مطابق میسی آئندہ چند ماہ تک قومی ٹیم کے ساتھ رہ سکتے ہیں تاکہ نئی نسل کے کھلاڑیوں کو ذمہ داریاں منتقل کرنے کا عمل مکمل ہو سکے، تاہم وہ اگلا ورلڈ کپ کھیلنے کا ارادہ نہیں رکھتے۔ رپورٹس کے مطابق ارجنٹائن فٹبال ایسوسی ایشن ان کے اعزاز میں خصوصی الوداعی میچ کے انعقاد پر بھی غور کر رہی ہے۔
دوسری جانب سابق اسٹار اینجل ڈی ماریا نے میسی سے ریٹائرمنٹ مؤخر کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ عمر کو ان کے مستقبل کا معیار نہیں بنانا چاہیے کیونکہ وہ آج بھی دنیا کے بہترین فٹبالرز میں شمار ہوتے ہیں۔اسی طرح مڈفیلڈر لیاندرو پاریڈیس نے بھی امید ظاہر کی کہ میسی قومی ٹیم کے لیے کھیلنا جاری رکھیں گے، تاہم انہوں نے واضح کیا کہ حتمی فیصلہ خود میسی ہی کریں گے۔