پینٹاگون کی تازہ رپورٹ: ایران جنگ میں 18 امریکی فوجی ہلاک، 624 زخمی

پینٹاگون کی تازہ رپورٹ: ایران جنگ میں 18 امریکی فوجی ہلاک، 624 زخمی

واشنگٹن: امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون) نے ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں سے متعلق تازہ اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ جنگ کے آغاز سے اب تک 18 امریکی فوجی ہلاک جبکہ 624 اہلکار زخمی ہو چکے ہیں۔

پینٹاگون نے ہفتے کے روز اپنے ڈیفنس کیژولٹی اینالیسس سسٹم کو اپ ڈیٹ کرتے ہوئے 140 سے زائد مزید زخمی اہلکاروں کا اندراج کیا، جبکہ حالیہ ایرانی حملوں میں ہلاک ہونے والے چار امریکی فوجیوں کو بھی دوبارہ سرکاری فہرست میں شامل کر لیا گیا ہے۔امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق پینٹاگون نے "اوورسیز آپریشنز" کے نام سے نئی کیٹیگری بھی متعارف کرائی ہے، جس کے تحت 7 جولائی سے بیرونِ ملک فوجی کارروائیوں میں ہلاک اور زخمی ہونے والے اہلکاروں کا الگ ریکارڈ رکھا جا رہا ہے۔رپورٹ کے مطابق 28 فروری سے ایران کے خلاف شروع ہونے والی فوجی کارروائیوں میں مجموعی طور پر 18 فوجی ہلاک اور 624 زخمی ہوئے ہیں۔ ہلاک ہونے والوں میں 11 امریکی آرمی، 6 ایئر فورس اور ایک نیوی سے تعلق رکھتا ہے، جبکہ زخمی اہلکاروں میں 461 آرمی، 86 نیوی، 58 ایئر فورس اور 19 میرین کور کے اہلکار شامل ہیں۔

امریکی میڈیا اور بعض قانون سازوں نے اس سے قبل پینٹاگون پر فوجی نقصانات کے اعداد و شمار کم ظاہر کرنے پر تنقید کی تھی۔ دفاعی ماہرین کے مطابق تازہ رپورٹ سے ظاہر ہوتا ہے کہ ایران کے خلاف جاری فوجی کارروائیوں کے انسانی اور عسکری اثرات پہلے سے زیادہ سنگین ہو چکے ہیں۔