واشنگٹن/تل ابیب: اسرائیلی وزیراعظم بینجمن نیتن یاہو کی جانب سے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائیاں شروع کرنے کے لیے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ پر دباؤ ڈالنے کی اطلاعات کے درمیان اسرائیلی خفیہ ایجنسی موساد کے سربراہ رومن گوفمین امریکا پہنچ گئے ہیں۔
ان کے دورے کو ایران سے متعلق امریکا اور اسرائیل کے درمیان اہم مشاورت کے تناظر میں دیکھا جا رہا ہے۔امریکی نیوز ویب سائٹ ایگزیوس (Axios) کی رپورٹ کے مطابق موساد کے سربراہ رومن گوفمین واشنگٹن میں موجود ہیں، جہاں ان کی امریکی سینٹرل انٹیلی جنس ایجنسی (سی آئی اے) کے ڈائریکٹر جان ریٹکلف سے ملاقات متوقع ہے۔ رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ وہ وائٹ ہاؤس کے خصوصی نمائندے اسٹیو وٹکوف سے ملاقات کے لیے میامی بھی جاسکتے ہیں۔رپورٹ کے مطابق موساد، سی آئی اے اور وائٹ ہاؤس نے رومن گوفمین کے دورے اور مجوزہ ملاقاتوں کے حوالے سے تبصرہ کرنے سے گریز کیا ہے۔ایک امریکی عہدیدار کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ اب تک اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ایران کے خلاف دوبارہ فوجی کارروائی شروع کرنے کے مطالبے سے اتفاق نہیں کرتے آئے۔ دونوں رہنماؤں کے درمیان 5 نومبر کو ٹیلی فونک گفتگو بھی ہوئی تھی، جس میں ایران جنگ اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ فی الحال ایران کے خلاف نئی فوجی کارروائی کے بجائے بحری ناکہ بندی اور اقتصادی دباؤ برقرار رکھنے کی حکمت عملی کی حمایت کر رہے ہیں۔ اس پالیسی کا مقصد ایران پر دباؤ برقرار رکھنا اور فوجی تصادم سے گریز کرنا بتایا جا رہا ہے۔
دوسری جانب اسرائیل کی داخلی سیاسی صورتحال بھی ایران سے متعلق فیصلوں کے پس منظر میں اہمیت اختیار کرگئی ہے۔ ایگزیوس کی رپورٹ کے مطابق 27 اکتوبر کو ہونے والے انتخابات کے بعد نیتن یاہو پارلیمنٹ میں اپنی اکثریت کھو چکے ہیں، جبکہ ان کے سیاسی حریف گادی آئزنکوٹ کو نئی حکومت تشکیل دینے کا مینڈیٹ مل چکا ہے۔ تاہم یہ واضح نہیں کہ آئزنکوٹ حکومت بنانے میں کامیاب ہو پائیں گے یا نہیں۔رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی اپوزیشن کے بعض رہنماؤں کو خدشہ ہے کہ نیتن یاہو اقتدار برقرار رکھنے اور گادی آئزنکوٹ کی حکومت سازی کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے ایران کے خلاف فوجی کارروائی کا راستہ اختیار کرسکتے ہیں یا ایسے حالات پیدا کرنے کی کوشش کرسکتے ہیں جن کے نتیجے میں ایران اسرائیل کے خلاف کارروائی کرے۔
تاہم یہ خدشات اپوزیشن رہنماؤں کے مؤقف پر مبنی ہیں اور نیتن یاہو کی جانب سے ایسے کسی منصوبے کی باضابطہ تصدیق سامنے نہیں آئی۔ایگزیوس کے مطابق نیتن یاہو نے گزشتہ روز گادی آئزنکوٹ سے تقریباً دو گھنٹے طویل ملاقات کی، جس میں انہیں ایران کی موجودہ صورتحال اور اس سے متعلق امور پر بریفنگ دی گئی۔دوسری جانب گادی آئزنکوٹ کے قریبی ذرائع کا کہنا ہے کہ ان کے خیال میں موجودہ حالات ایران کے خلاف فوری فوجی کارروائی کا تقاضا نہیں کرتے۔ اس مؤقف سے ظاہر ہوتا ہے کہ اسرائیل کی سیاسی قیادت میں بھی ایران کے خلاف ممکنہ فوجی اقدام کے حوالے سے مختلف آرا پائی جاتی ہیں۔