عالمی منڈی میں خام تیل سستا، قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد کمی

عالمی منڈی میں خام تیل سستا، قیمتوں میں 5 فیصد سے زائد کمی

امریکا کی جانب سے ایران کے خلاف فوجی حملوں میں وقفے کے اعلان کے بعد عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حملوں میں وقفہ دینے کے اعلان کے بعد عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمتیں 5 فیصد سے زائد گر گئیں۔رپورٹ کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت 5.58 ڈالر (5.77 فیصد) کمی کے بعد 91.20 ڈالر فی بیرل تک آ گئی، جبکہ امریکی خام تیل (WTI) 4.91 ڈالر (5.50 فیصد) سستا ہو کر 84.40 ڈالر فی بیرل پر آ گیا۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور سفارتی حل کی امید نے تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کم کر دیے، جس کے باعث عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی دیکھی گئی۔واضح رہے کہ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ایران پر جاری حملوں کو روکنے کا حکم دیا ہے۔ اطلاعات کے مطابق تقریباً 13 روز سے جاری کارروائی جمعے کو روک دی گئی، تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہو سکا کہ یہ وقفہ عارضی ہے یا باقاعدہ جنگ بندی کا آغاز۔