عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی ہے، جس کے بعد مختلف اقسام کے خام تیل کی قیمتیں نیچے آگئی ہیں۔
دوسری جانب عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے دوران پاکستان میں بھی وفاقی حکومت نے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کردی ہے۔عالمی مارکیٹ کے اعداد و شمار کے مطابق برینٹ خام تیل کی قیمت میں کمی کے بعد یہ 91 ڈالر 25 سینٹ فی بیرل کی سطح پر آگیا ہے، جبکہ امریکی خام تیل کی قیمت کم ہوکر 85 ڈالر 25 سینٹ فی بیرل ہوگئی ہے۔اسی طرح اماراتی مربن خام تیل کی قیمت 92 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کر رہی ہے۔ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں کمی کو توانائی کی عالمی مارکیٹ کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔دوسری جانب پاکستان میں وفاقی حکومت نے گزشتہ رات پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔
آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے فی لیٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 7 روپے فی لیٹر کمی کی گئی ہے۔نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 335 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 364 روپے فی لیٹر ہوگئی ہے۔قیمتوں میں کمی کے بعد پیٹرول استعمال کرنے والے شہریوں کو فی لیٹر 3 روپے جبکہ ڈیزل استعمال کرنے والے صارفین کو 7 روپے کا ریلیف ملے گا۔