میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں اور آپ کے بغیر ہم یہ حاصل نہیں کر سکتے تھے، آپ سب کو سیلیوٹ
نئی دہلی (آئی این پی )کاکروچ جنتا پارٹی (سی جے پی)کے بانی ابھیجیت دیپکے نے احتجاجی تحریک میں ساتھ دینے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ کافی دنوں بعد سکون سے سوئے۔ بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق ابھیجیت دیپکے نے اتوار کی صبح سات بج کر 37 منٹ پر ایکس پر ایک پوسٹ میں ویڈیو پیغام جاری کیا۔دو منٹ 49 سیکنڈ پر مشتمل اس پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ اچھا محسوس ہو رہا ہے اور میں سکون سے سویا ہوں اور اپنے بیڈ روم میں بغیر اس فکر کے جاگا ہوں کہ آگے کیا کرنا ہے یا پھر شام تک کیا ہونے والا ہے،اب کسی قسم کی گھبراہٹ نہیں رہی۔ان کا مزید کہنا تھا کہ پچھلے 37 دنوں کے دوران ہم جس کٹھن صورت حال سے گزرے وہ واقعی مشکل وقت تھا، یہ میرے لیے آسان تھا نہ ساری ٹیم کیلئے ۔انہوں نے ملک بھر میں کے جی پی کی حمایت کرنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ تمام لوگ جنہوں نے ہماری حمایت کی، جنہوں نے ہم پر اعتماد کیا اور اس وقت محبت کا اظہار کیا جب ہر کوئی ہم پر شک کر رہا تھا۔ میں حقیقی معنوں میں دل کی گہرائی سے ان کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں۔ان کا کہناہے کہ آپ کی سپورٹ کے بغیر یہ ممکن نہیں تھا۔انہوں نے اس بات پر معذرت طلب کی کہ وہ احتجاج ختم ہونے کے بعد ہر ایک سے مل نہ سکے اور اس کی وجہ اپنی صحت کو قرار دیا۔میں معذرت خواہ ہوں، میں ان لوگوں نے مل سکا جو کل جنتر منتر پر موجود تھے اور ان کا شکریہ ادا نہ کر سکا، جیسا کہ آپ کو معلوم ہے کہ مجھے ٹائیفائیڈ ہے اور میرا ٹمپریچر 101 تک پہنچ گیا، اسی وجہ سے مجھے گھر آنا پڑا۔انہوں نے 37 روز تک احتجاج میں موجود رہنے والوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششیں ملک کے لیے بہت اہمیت کی حامل ہیں۔ان کا کہناتھا کہ میں اس کو بہت زیادہ سراہتا ہوں جو کچھ آپ نے ملک کے لیے کیا، میں آپ سب سے محبت کرتا ہوں اور آپ کے بغیر ہم یہ حاصل نہیں کر سکتے تھے، آپ سب کو سیلیوٹ۔