ممبئی (شوبز ڈیسک)بھارتی پنجابی گلوکار و اداکار دلجیت دوسانجھ پر طلبہ کے احتجاج کے معاملے پر خاموشی اختیار کرنے پر تنقید کرنے والے بھارتی سیاسی رہنما ابھیجیت ڈپکے نے ان سے عوامی سطح پر معذرت کرلی۔یہ معاملہ اس وقت دوبارہ زیرِ بحث آیا جب دلجیت دوسانجھ نے جمعے کی شام نئی دہلی کے جواہر لعل نہرو اسٹیڈیم میں اپنے کنسرٹ کے دوران تنقید کا جواب دیا۔ گلوکار نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ کسی کو پنجابیوں کو لڑنا نہیں سکھانا چاہیے۔ انہوں نے اپنی فلم ستلج کا اسٹیج پر مذاق اڑائے جانے پر بھی اعتراض کیا۔دلجیت دوسانجھ کا کہنا ہے کہ میں ایک فنکار ہوں اور سب سے محبت کرتا ہوں، اگر میں خاموش ہوں تو مجھے خاموش رہنے دیا جائے، میں سب کی حمایت کرتا ہوں، تاہم کسی کو پنجابیوں کو لڑنا سکھانے کی ضرورت نہیں۔گلوکار کے بیان کے بعد ابھیجیت ڈپکے نے انسٹاگرام پر معذرت کرتے ہوئے انہیں اپنا چھوٹا بھائی قرار دیا۔