دو دہائیوں بعد بھارت اور یورپی یونین نے تاریخی تجارتی ڈیل طے کر لی

دو دہائیوں بعد بھارت اور یورپی یونین نے تاریخی تجارتی ڈیل طے کر لی

نئی دہلی: بھارت اور یورپی یونین نے دو دہائیوں کی زیر التوا بات چیت کے بعد ایک تاریخی تجارتی معاہدے پر اتفاق کر لیا ہے۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے اس ڈیل کو ’’مدر آف آل ڈیلز‘‘ قرار دیا، اور کہا کہ یہ بھارت اور یورپ کے کروڑوں عوام کے لیے بڑے معاشی مواقع پیدا کرے گا۔اس معاہدے کے تحت بھارت اپنی مارکیٹ کو یورپی یونین کے 27 ممالک کے لیے فری ٹریڈ کے تحت کھولے گا، جبکہ یورپی یونین بھارت کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔بھارتی وزیر اعظم اور یورپی کمیشن کی صدر اُرسلا فان ڈیر لیئن نئی دہلی میں ہونے والے سمٹ میں معاہدے کی تفصیلات کا مشترکہ اعلان کریں گے۔

مالی سال 2025 کے اختتام تک بھارت اور یورپی یونین کے درمیان تجارت کا حجم 136.5 ارب ڈالر رہا۔ حکام کے مطابق معاہدے پر باضابطہ دستخط پانچ سے چھ ماہ کے اندر کیے جائیں گے، اور عمل درآمد ایک سال کے اندر متوقع ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ڈیل بھارت کی برآمدات بڑھانے اور یورپی مصنوعات کو بھارتی مارکیٹ میں قیمت کے فوائد دینے میں مددگار ثابت ہوگی، جبکہ دونوں جانب امریکا کے غیر یقینی تجارتی ماحول کے پیش نظر متبادل شراکت داریوں کو فروغ ملے گا۔