بسنت 2026: عمران خان کی تصاویر والی پتنگوں پر پابندی عائد

بسنت 2026: عمران خان کی تصاویر والی پتنگوں پر پابندی عائد

حکومتِ پنجاب نے بسنت 2026 پر اشتعال انگیزی روکنے کے لیے دفعہ 144 نافذ کر دی ہے۔

 اس کے تحت مقدس کتب، مذہبی مقامات، کسی شخصیت یا سیاسی جماعت کے جھنڈے کی تصویر والی پتنگوں کی تیاری، خرید و فروخت اور استعمال پر مکمل پابندی ہوگی۔بسنت کے دوران صرف بغیر تصویر والی یک رنگی یا کثیر رنگی پتنگیں استعمال کی جا سکیں گی۔ خلافِ قانون پتنگوں کی تیاری، نقل و حمل، ذخیرہ، فروخت اور استعمال کو قابلِ تعزیر جرم قرار دیا گیا ہے۔حکومت پنجاب نے لاہور میں 6 تا 8 فروری کو محفوظ بسنت کی مشروط اجازت دی ہے۔ پنجاب کائٹ فلائنگ ایکٹ 2025 کے تحت دھاتی، نائلون یا شیشے سے لیپ شدہ ڈور کے استعمال پر بھی مکمل پابندی ہے۔

مقررہ تاریخوں سے قبل یا بعد میں پتنگ بازی کرنے پر 5 سال قید اور 20 لاکھ روپے تک جرمانہ ہو سکتا ہے، جبکہ ممنوعہ مواد کی تیاری یا فروخت میں ملوث افراد کو 7 سال قید اور 50 لاکھ روپے تک جرمانہ کا سامنا کرنا پڑے گا۔حکومت نے واضح کیا کہ بسنت کے موقع پر امنِ عامہ برقرار رکھنے اور عوام کے مذہبی جذبات کے احترام کو اولین ترجیح دی جائے گی، اور قانون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔