ویب ڈیسک:واٹس ایپ نے اپنے پلیٹ فارم پر ایک نیا "فیکٹ چیک فیچر" متعارف کرانے کی آزمائش شروع کر دی ہے، جس کا مقصد صارفین کو موصول ہونے والی تصاویر کی حقیقت جانچنے میں مدد فراہم کرنا ہے۔
اس فیچر کا مقصد خاص طور پر فیک نیوز کی روک تھام کرنا ہے، کیونکہ سوشل میڈیا اور انسٹنٹ میسیجنگ ایپلی کیشنز میں غیر تصدیق شدہ مواد کا پھیلاؤ ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے۔ خصوصاً مصنوعی ذہانت (AI) کی تیز ترقی کی وجہ سے ایسی تصاویر بنانا آسان ہو گیا ہے جو حقیقت سے قریب تر نظر آتی ہیں، لیکن وہ حقیقت میں جھوٹی ہو سکتی ہیں۔یہ نیا فیچر ان صارفین کے لیے دستیاب ہوگا جو اس آزمائشی پروگرام میں حصہ لے رہے ہیں۔ اس فیچر کے تحت، جب بھی صارفین واٹس ایپ پر کوئی تصویر وصول کریں گے، تو وہ اس تصویر پر کلک کرکے اس کے بارے میں مزید معلومات حاصل کر سکیں گے۔ یہ فیچر گوگل لینس کی طرح کام کرتا ہے، جو تصاویر کو سرچ کرتا ہے اور ان کے بارے میں مزید معلومات فراہم کرتا ہے۔ اگر تصویر مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی ہو یا جھوٹی ہو، تو اس کے بارے میں گوگل سے متعلقہ نتائج اور تصدیق فراہم کی جائے گی۔اس فیچر کا مقصد خاص طور پر بزرگ صارفین کے لیے مفید ثابت ہوگا جو کہ فیک نیوز اور مصنوعی تصاویر میں فرق نہیں کر پاتے اور انہیں بغیر تصدیق کے آگے شیئر کر دیتے ہیں۔ اس فیچر کی کامیاب آزمائش کے بعد اسے باضابطہ طور پر تمام صارفین کے لیے متعارف کرایا جا سکتا ہے۔