آتشزدگی:45سالہ خاتون جھلس کر جاں بحق

 افسوسناک واقعہ سوتر منڈی چوک میں ایک گھر میں پیش آیا،صفیہ چل بسی،بینک کے آئی ٹی روم میں آگ بھڑک اٹھی
لاہور (کرائم رپورٹر)لاہور کے مختلف علاقوں میں آتشزدگی کے دو الگ الگ واقعات پیش آئے جہاں ریسکیوکی بروقت کارروائی کے باعث ایک جانب بینک کو بڑے مالی نقصان سے بچا لیا گیا، جبکہ دوسری جانب ایک افسوسناک واقعے میں 45 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق شاہ عالم مارکیٹ میں واقع فیصل بینک کے آئی ٹی روم میں آگ لگنے کی اطلاع موصول ہوئی۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیوکی 7 ایمرجنسی گاڑیاں فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ریسکیو کے 21 اہلکاروں اور افسران نے فائر فائٹنگ آپریشن میں حصہ لیا اور آگ کو بروقت قابو میں کر لیاآگ فرسٹ فلور پر واقع آئی ٹی روم میں لگی تھی، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی اور بینک کو بڑے نقصان سے بچا لیا گیا بعد ازاں فائر آپریشن مکمل ہونے کا اعلان کر دیا گیا۔دوسری جانب اندرون لوہاری گیٹ کے قریب سوتر منڈی چوک میں ایک گھر میں آگ لگنے کا افسوسناک واقعہ پیش آیاریسکیو ذرائع کے مطابق آگ گھر کے ایک کمرے میں پڑے پٹرول کے گیلن میں لگنے کے باعث بھڑکی۔ اس واقعے میں 45 سالہ صفیہ بی بی جھلسنے کے باعث موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں ریسکیو ٹیم نے خاتون کی لاش کو قانونی کارروائی کے لیے میو ہسپتال منتقل کر دیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق دونوں مقامات پر امدادی کارروائیاں بروقت مکمل کی گئیں،جبکہ شہریوں سے اپیل کی گئی ہے کہ آتش گیر مواد گھروں میں محفوظ طریقے سے رکھیں تاکہ ایسے افسوسناک حادثات سے بچا جا سکے۔دریں اثنا میاں منشی بند روڈ نزد مدنی کانٹا کے قریب واقع جینز بنانے والی فیکٹری میں پیر کے روز آگ لگ گئی۔ فیکٹری میں آگ لگنے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو کی فائر فائٹنگ ٹیمیں اور ایمرجنسی وہیکلز فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئیں۔ریسکیو حکام کے مطابق آگ فیکٹری کے جینز تیار کرنے والے یونٹ میں لگی، جس پر قابو پانے کے لیے فائر فائٹرز نے بروقت کارروائی کی۔ کئی گھنٹوں کی جدوجہد کے بعد آگ کو مکمل طور پر کنٹرول کر لیا گیا، جبکہ کولنگ کا عمل جاری ہے تاکہ دوبارہ آگ بھڑکنے کے خدشے کو ختم کیا جا سکے۔ریسکیو حکام کے مطابق واقعے میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی، تاہم فیکٹری کو مالی نقصان پہنچنے کا امکان ہے۔ آگ لگنے کی وجوہات کا تعین کیا جا رہا ہے۔