آئی ایم ایف جائزہ مذاکرات کیلئے تیاریاں شروع ، وزرا کو اہداف مل گئے

اسلام آباد (بیورو رپورٹ) وزارت خزانہ کے باوثوق ذرائع کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف اور ایم ڈی آئی ایم ایف کی ملاقات میں زیرغور تجاویز پر آئندہ اقتصادی جائزہ مذاکرات میں حتمی بات چیت ہوگی اور ایم ڈی آئی ایم ایف نے قرض پروگرام میں رہتے ہوئے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے۔ گزشتہ روز وزیراعظم کی وطن واپسی پر اہم میٹنگ کے دوران چند وزرا کو کیس ورکنگ جامع اور سالڈ طریقے سے آئی ایم ایف کے سامنے پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔آئی ایم ایف مشن تیسرے اقتصادی جائزے کے لیے آئندہ ماہ کے آخری اور مارچ کے دوران پاکستان پہنچے گا جس کے لیے گزشتہ روز سے تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں۔ وزارت خزانہ کے ایکسٹرنل فنانس ونگ، ایف بی آر، رواں مالی سال کے بجٹ اعدادوشمار، آئی ایم ایف کے اہداف پر عملدرآمد، ایس ای سی پی اور وزارت تجارت کے ساتھ ابتدائی میٹنگز شروع ہو چکی ہیں۔ وزیراعظم نے وزراء کو ٹاسک سونپ دئیے ہیں اور آئندہ دو ہفتوں میں رپورٹ طلب کر لی ۔