پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی ،’’ٹی کیش کارڈ‘‘ کا نظام فعال

لاہور(کرائم رپورٹر)پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی نے صوبہ بھر میں جدید اور مربوط سفری سہولیات کی فراہمی کیلئے "ٹی کیش کارڈ" کے نظام کو فعال کر دیا ہے، جو کہ ڈیجیٹل پاکستان کے ویڑن کی جانب ایک سنگ میل ثابت ہو رہا ہے۔ اس جدید نظام کے تحت اب میٹرو بس، اورنج لائن ٹرین، سپیڈو اور ای بس سروسز میں ایک ہی کارڈ کے ذریعے سفر ممکن ہو سکے گا، جس سے شہریوں کو بار بار ٹکٹ خریدنے کی زحمت سے نجات ملے گی۔سی ای او پنجاب ٹرانسپورٹ کمپنی کوثر خان نے اس حوالے سے تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ ٹی کیش کارڈ سے کیش کے بغیر ٹکٹنگ، آسان اور محفوظ سفر کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔ یہ کارڈ نہ صرف سفری ضروریات پوری کرے گا بلکہ سٹیٹ بینک کے قواعد کے مطابق بطور ڈیبٹ کارڈ روزمرہ کے مالی لین دین کے لیے بھی استعمال کیا جا سکے گا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک صوبے بھر سے ٹی کیش کارڈ کے حصول کیلئے ایک لاکھ 30 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہو چکی ہیں، جبکہ 66 ہزار سے زائد شہریوں کو کارڈز فراہم کیے جا چکے ہیں۔ شہری ویب پورٹل، ای ٹرانزٹ ایپ یا ہیلپ لائن کے ذریعے ٹی کیش کارڈ کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔